کاروار 22جون (ایس او نیوز)بنگلورو میں موجود سائبر کرائم پولیس اسٹیشن کے معیار کا ایک پولیس اسٹیشن بھٹکل میں بھی قائم کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ افسران سے گفتگو کی جائے گی، یہ بات مغربی زون کے آئی جی پی ارون چکرورتی نے کہی ۔ یہاں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اشارہ کیاکہ بھٹکل میں سائبر کرائم پولس اسٹیشن قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کا نام دیش بھر میں گونج رہا ہے۔ کچھ مشتبہ دہشت گردوں کا اڈہ ہونے کا بھی اس پرالزام لگ رہا ہے۔ یہاں سے دور بیٹھ کر انٹر نیٹ اور سوشیل نیٹ ورک کے ذریعے بھٹکل کا نام خراب کرنے کی کوششیں بھی ہورہی ہیں۔ اس لئے بینگلورو اور منگلورو میں جس طرح کے سائبر پولیس اسٹیشن ہیں اسی طرح شمالی کینرا کے بھٹکل میں بھی ایک سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے پر غور کیا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ بھٹکل میں تہواروں کے موقع پر مذہبی جذبات بھڑکانے کی جو کوشش ہوتی ہے ، ہندووں اور مسلمانوں کے بیچ جو کشیدگی ہوتی ہے ، اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اور پولیس کے پاس اس کی کیاوجوہات ہیں، تو آئی جی پی نے کہا کہ اسی موضوع پر اعلیٰ افسران سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ اس کے بعد بھٹکل میں پولیس بیٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔اس سے آئندہ اس طرح کی شرارتوں پر کنٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔ایسا کیوں ہوتا ہے اس سوال کا جواب پولیس ڈھونڈ رہی ہے۔ اور یہ دیکھ رہی ہے کہ کہیں اس میں مذہبی، سیاسی اور سماجی امن و امان کو درہم برہم کرنے کی سازش تو نہیں ہے۔مذہبی تصادم کو روکنے کے لئے کڑے اقدامات کرنے کے علاوہ اس کے بنیادی اسباب تلاش کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ضلع میں بغیر ویزا کے رہنے والے پاکستانیوں کے بارے میں جائزہ لے کر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چوریوں کے واقعات اور نیشنل ہائی وے کی توسیع کے دوران ہونے والے حادثات پر قابو پانے کے لئے مناسب قدم اٹھائے جائیں گے۔